لاہور سینٹرل پولیس آفس میں معرکہ حق میں تاریخی فتح پر یوم تشکر کے حوالے سے تقریب

101

لاہور۔16مئی (اے پی پی):لاہور سینٹرل پولیس آفس میں معرکہ حق میں تاریخی فتح پر یوم تشکر کے حوالے سے تقریب کاانعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پنجاب پولیس نے بھارتی جارحیت کے خلاف افواج پاکستان کی شاندار کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کو خراج عقیدت، غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، دشمن کی عددی برتری کو عسکری مہارت سے خاک میں ملانے والے پاک فضائیہ کے شاہینوں کو پنجاب پولیس کی جانب سے سلام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس یوم تشکر پر ملکی اندرونی سرحدوں، شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کا عزم دہراتی ہے،پنجاب پولیس ملکی بقا اور سالمیت کے لئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے، پوری قوم کے ہمراہ افواج پاکستان کی اس تاریخی فتح پر اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ پوری قوم نے بزدل دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کے لئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ملکی سلامتی میں حصہ ڈالا، پاکستان پرامن ملک، اپنی سرحدوں، خودمختاری اور وقار کا تحفظ کرنا بھی جانتا ہے، پاکستان کی شاندار فتح امتِ مسلمہ کے لئے حوصلے، اتحاد اور قیادت کا پیغام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یوم تشکر پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں منعقدہ تقاریب، ریلیوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔