کراچی۔22 مئی(اے پی پی)پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) کی لاہور سے کراچی آنے والی پرواز PK8303 کا طیارہ ائر بس A-320 کراچی ایئر پورٹ کے نزدیک حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہو گیا۔ پی آئی اے سے جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے حکام نے نہایت افسوس کے ساتھ اس بات کا اعلان کیا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) کی لاہور سے کراچی آنے والی پرواز PK8303 کا طیارہ ائر بس A-320 رجسٹریشن نمبرAP-BLDکراچی ایئر پورٹ کے نزدیک جمعہ کی سہ پہر 2:39 پر حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہو گیا۔ طیارے میں 91 مسافر اور عملہ کے8ارکان سوار تھے۔مزید تفصیلات ابھی موصول ہورہی ہیں۔ پی آئی اے انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کر رہی ہے۔ان کی ہدایات اوربین الاقوامی ایوی ایشن ضروریات کے مطابق پی آئی اے ہیڈ آفس میں ایمرجنسی ریسپانس سینٹر نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر کام شروع کردیا جہاں پر ایئر لائن کی اعلی انتظامیہ مسلسل صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔ پی آئی اے کے مطابق امدادی کاروائیاں جاری ہیں اور طیارے میں سوار مسافروں کی زندگی کے بارے تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔ پی آئی اے مسافروں اور کریوکے اہل خانہ کو ہر ممکن اطلاعات فراہم کرنے کو بھر پور کوشش کر رہی ہے۔ترجمان کے مطابق کسی بھی قسم کی معلومات کیلئے پی آئی اے کے ایمرجنسی ریسپانس سینٹر کے فون نمبرز 0092-21-99043833 ، 0092-21-99242284 اور 0092-21-99043766 پر برابطہ کیا جاسکتا ہے۔