لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں شکست سے مایوسی ہوئی، تینوں شعبوں میں ہم سے غلطیاں ہوئیں ، شاداب خان

120
شاداب خان
سینئر کھلاڑی کی حیثیت سے مشکل صورتحال کیلئے تیار تھا، شاداب خان

راولپنڈی۔10مارچ (اے پی پی):اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں شکست سے مایوسی ہوئی، کھیل کے تینوں شعبوں میں ہم سے غلطیاں ہوئیں جس کی وجہ سے میچ ہار گئے، راشد خان نے اچھی بائولنگ کی، اگلے میچ میں مربوط حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

راولپنڈی سٹیڈیم میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ شکست برداشت کرنا مشکل ہوتی ہے، کھیل کے تینوں شعبوں میں ہم سے غلطیاں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈنگ بہت خراب رہی، اچھے پلیئرز کے کیچ ڈراپ کریں گے تو خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا جب آپ فیئرلیس اپروچ کے ساتھ کھیل رہے ہوتے ہیں تو اس میں ناکامی کے چانسز بھی ہوتے ہیں۔ آئندہ میچوں میں فیئرلیس کے ساتھ ساتھ ہمیں سمارٹ کرکٹ بھی کھیلنی ہو گی۔

شاداب خان نے مزید کہا کوالٹی بائولنگ کے خلاف ہم دونوں میچ ہار گئے، لاہور قلندرز کی بائولنگ بہت مضبوط ہے اور ایسی بائولنگ کے خلاف 200 رنز کا ہدف حاصل کرنا آسان نہیں ہوتا ، راشد خان نے بہت اچھی بائولنگ کی اور ثابت کیا کہ وہ ورلڈ کلاس بائولر ہے۔

انہوں نے کہا ہر میچ جیتنا ممکن نہیں ہوتا، ہم نے پچھلے میچوں میں 200 رنز بھی چیز کئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہماری بائولنگ لائن مضبوط ہے اور 200 رنز نہیں ہونے چاہیں۔ ایک سوال کے جواب میں شاداب خان نے کہا کہ اعظم خان ہمارا مین پلیئر ہیں، میچ میں ان کی کمی محسوس ہوئی، ہم دعا گو ہیں کہ وہ جلد فٹ ہو کر اگلا میچ کھیلیں۔