لاہور۔23اپریل (اے پی پی):لاہور میں جاری سات روزہ قومی انسداد پولیو مہم کے تیسرے روز ضلعی انتظامیہ بھرپور انداز میں متحرک نظر آئی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے ایئر لائن سوسائٹی میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی اور مہم کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے فیلڈ میں موجود عملے سے ملاقات کی اور انسداد پولیو اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلوانے کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کو پولیو سے پاک شہر بنانے کے لیے وزیراعلیٰ کے وژن کے مطابق تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔سید موسٰی رضا نے والدین اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے۔