لاہور۔5دسمبر (اے پی پی):لاہور میں ساتویں انٹرنیشنل والنٹیر ڈے سرٹ چیلنج کا ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں آغاز ہو گیا، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے تمام کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں بشمول چین کی ٹیم کا چیلنج میں شرکت کرنے پر خیر مقدم کیا۔ اس چیلنج کا مقصد ہنگامی صورتحال میں پنجاب بھر میں قائم کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں، یونیورسٹیوں کی نمائندہ ٹیموں کے ساتھ ساتھ خطے اور پاکستان بھرکی دیگررضا کارٹیموں کی استعدادکار کو بہتر کرنا اور انہیں ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جس سے وہ کسی بھی ایمرجنسی میں سروسز کے پہنچنے سے پہلے عوام الناس کی بروقت اور بہتر مدد کر سکیں۔
چیلنج ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں ٹوٹل پارکو اور اے ٹی ایس سنتھیٹک کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے، چیلنج میں پاکستان بھر سے کل 59سرٹ/رضاکار ٹیمیں بشمول چین کی ایک ٹیم 5 سے 7 دسمبرتک جاری رہنے والے تین روزہ چیلنج میں حصہ لے رہی ہے، تمام ٹیموں کو کمیونٹی ایکشن برائے ڈیزاسٹر رسپانس سکلز کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے چیلنج کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ رضاکار قوم کے حقیقی ہیرو ہیں جو کمیونٹیز کے فرسٹ رسپانڈر کے طور پر ہنگامی حالات سے نمٹنے میں معاونت کرتے ہیں اور معاشرے میں سیفٹی کے کلچر کو فروغ دیتے ہیں۔
ڈاکٹر رضوان نے کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو مبارکباد دی جو پہلے ابتدائی انٹرا یونین کونسل مقابلہ جات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعدانٹر نیشنل والنٹیئر ڈے سرٹ چیلنج میں اپنے ضلع، ادارہ اور علاقے کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی سروسز نے ریسکیو سکائوٹ کور کا پروگرام لانچ کر چکی ہے، تمام طلبا کو چاہیے کہ وہ آن لائن رجسٹریشن، ٹریننگ، ٹیسٹ کے لیے ریسکیو سکائوٹس ایپ ڈائون لوڈ کرکے ریسکیو سکائوٹ کور میں شامل ہوں جس کے بعد ریسکیو سٹیشنوں پر ریسکیو ٹرینرز سے ایمرجنسی میں انسانی زندگیاں بچانے کی عملی مہارت بھی سیکھیں اور اپنے آپ کو سرٹیفائیڈ کریں۔
انہوں نے ساتویں انٹر نیشنل والنٹیئر ڈے سرچیلنج میں شامل ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا، اس سے قبل کمیونٹی سیفٹی اینڈ انفارمیشن کی سربراہ دیبا شہناز نے سرٹ چیلنج کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔