لاہور۔4دسمبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے حکم پر سموگ تدارک کریک ڈاون جاری ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں سال دھواں چھوڑنے والی 64397 گاڑیوں کو 12 کروڑ سے زائد جرمانہ عائد کئے گئے۔بغیر ترپال ڈھانپے ریت، مٹی و دیگر آلودگی کا باعث بننے والی 12 ہزار گاڑیوں کو چالان کیا گیا، خستہ حال 661 گاڑیوں کے روٹ پرمٹ کینسل کروائے گئے جبکہ 27 ہزار سے زائد گاڑیوں کو بند کروایا گیا۔
سی ٹی او عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ ہفتے میں دو روز جمعہ اور اتوار کو ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی ہے،مٹی،ریت اور دیگر مائنز سائیٹس پر خصوصی کریک ڈاون کیا جا رہا ہے، بغیر ترپال، پانی و دیگر حفاظتی اقدامات ٹریکٹر ٹرالی چلنے کی اجازت نہیں۔ عمارہ اطہر نے کہا کہ تمام ڈی ایس پیز شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی کارروائیاں کررہے ہیں،
سوشل میڈیا پر موصول ہونے پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی ویڈیوز پر بھی کریک ڈاون کیا جارہا ہے،انسدادِ تجاوزات کیمپس کو مزید متحرک اور فعال کرنے کا بھی حکم دے دیا،سکول و کالجز،بس اڈوں اور سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں 27 سو سے زائد آگاہی لیکچرز بھی دئیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیفشل انٹیلیجنس سسٹم کی مدد سے بھی چالاننگ کا آغاز کیا گیا ہے، 07 ہزار سے زائد چالان ٹکٹس جاری کئے گئے۔