لاہور میں عید الاضحٰی پر قانون شکنی کے مرتکب238 افراد گرفتار،196 مقدمات درج ہوئے، ترجمان پولیس

20

لاہور۔10جون (اے پی پی):لاہور میں عیدالاضحٰی کے موقع پر حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر238 ملزمان گرفتار اور196 مقدمات درج کئے گئے۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق عید الاضحٰی پر ون ویلنگ کے مرتکب19 قانون شکن عناصر گرفتار،18 مقدمات درج ہوئے ۔ہوائی فائرنگ میں ملوث2 ملزمان گرفتار اور 2 مقدمات درج کئے گئے۔ پتنگ بازی کے5 ملزمان گرفتار 4 مقدمات درج ہوئے ۔اسلحہ کی نمائش کرنے والے39 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔

لائوڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر3 ملزمان گرفتار اور3 مقدمات درج کئے گئے۔عیدالاضحٰی پر غیر قانونی طور پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے پر55 ملزمان گرفتار اور 53 مقدمات درج ہوئے ۔عید کے ایام میں غیر قانونی طور پر سری پائے بھوننے والے79 ملزمان گرفتار اور70 مقدمات درج کئے گئے۔پابندی کے باوجود نہر میں نہانے والے36 ملزمان گرفتار اور7 مقدمات درج کئے گئے۔

سی سی پی او کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس کی جانب سے عید الاضحی کے دنوں میں شہریوں کو بہترین سکیورٹی فراہم کی گئی۔سپروائزری افسران فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے رہے۔پارکوں کی سکیورٹی پر پولیس افسران اور جوانوں کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔عید پر موثر پٹرولنگ، مانیٹرنگ اور فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے گئے۔