لاہور میں عید الاضحی، ٹریفک کو منظم طریقے سے چلانے کے لئے غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف دفعہ 144نافذ ،ترجمان

173
Cattle markets

لاہور۔9جون (اے پی پی):عید الاضحی کے موقع پر سٹی ٹریفک پولیس آفیسر عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ شہر کو صاف رکھنے اور ٹریفک کو منظم طریقے سے چلانے کیلئے غیر قانونی طور پر لگنے والے مویشی منڈیوں کیخلاف دفعہ 144نافذ کردی گئی ہے، رانگ پارکنگ اور ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق دفعہ 144کے نفاذ کے کارروائیوں کے لیے کسی بھی مین شاہراہ پر جانور کھڑے کرکے بیچنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی ۔انہوں بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مویشی منڈیوں کیلئے 8مختلف مختص مقامات پر مویشیوں کی خرید و فروخت کی جائے گی جبکہ منڈیوں کے باہر بھی مین شاہراہ پر کوئی جانور یا گاڑی کھڑی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔انہوں نے بتایا کہ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے شہریوں کی سہولت اور آسانی کیلئے جامعہ ٹریفک انتظامات کا حکم دیا ہے۔ ایس پی سٹی منیر ہاشمی، ایس پی صدر شہزاد خان تمام ٹریفک انتظامات کی نگرانی کریں گے جبکہ 13ڈی ایس پیز، 60 انسپکٹرز اور 254وارڈنز تعینات ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے 7فوک لفٹرز تعینات ہونگے ۔

ترجمان نے بتایا کہ شاہ پور کانجراں منڈی کیلئے موٹروے پولیس کے ساتھ ملکر ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ برکی روڈ، شاہ پور کانجراں،کاہنہ کاچھا روڈ، رائے ونڈ حویلی مرکز بالمقابل نثار حویلی سندر مویشی منڈی لگائی گئی ہے اور رائے ونڈ روڈ مانگا منڈی،سگیاں روڈ اور لکھو ڈئیر نزد رنگ روڈ منڈی لگائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی ٹی او نے وارڈنز کو نوسر بازوں، مشکوک افراد اور لاوارث اشیا پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔