لاہور میں فلاپ شو کے بعد پی ڈی ایم ٹھس ہو چکی ،مریم نواز سوشل میڈیا کی حد تک محدود ہیں، عملی سیاست میں ان کا کوئی کردار نہیں ،وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر

49
‏ساہیوال کے رانا صاحب کو نواز شریف نے 2015میں گلگت کا چیف جج لگایا،بیرسٹر شہزاد اکبر

اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ لاہور میں فلاپ شو کے بعد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ٹھس ہو چکی ہے، ان لوگوں کے پاس سیاسی اور نہ ہی قانونی حکمت عملی ہے، اپوزیشن نے استعفوں کے معاملے پر بھونڈا مذاق کیا، مریم نواز سوشل میڈیا کی حد تک محدود ہیں، عملی سیاست میں ان کا کوئی کردار نہیں ہے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کو لاہور جلسے سے بہت توقعات تھیں، لاہور کو ن لیگ کا گڑھ سمجھا جاتا تھا، انہیں لگتا تھا کہ یہاں سے لوگ نکلیں گے لیکن عوام نے ان کے بیانیے کو بری طرح مسترد کیا اور لاہور جلسہ فلاپ شو ثابت ہوا۔ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے استعفوں کے معاملے پر بھونڈا مذاق کیا، انہوں نے صرف سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز پر استعفوں کے بارے بیانات دیئے، مریم نواز نے واضح طور پر اپنے رہنمائوں سے کہا کہ اگر اسپیکر قومی اسمبلی انہیں بلائیں تو انہیں مکرنا نہیں لیکن دونوں رہنما اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس جا کر مکر گئے۔ خواجہ آصف کی گرفتاری سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کے کیس کی تحقیقات کی تو بات ہی نہیں ہے، ان کے اوپر کرپشن کے سنگین کیسز ہیں، سیاست میں آنے سے پہلے ان کا صرف ایک گھر تھا۔ مشیر برائے احتساب نے کہا کہ نواز شریف نے اپنا اقامہ چھپایا ہوا تھا، انہوں نے جھوٹ بولا تھا اسلئے وہ صادق اور امین نہیں رہے تھے۔ نیب آرڈیننس سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آرڈیننس کے اندر پیسوں کی کوئی شرط نہیں رکھی گئی تھی، ہم نے آرڈیننس بل کی صورت میں پارلیمان میں پیش کیا تھا لیکن اپوزیشن جماعتوں نے تعاون نہ کیا۔