لاہور۔5جولائی (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 453ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے127 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ 21کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
پکڑے جانے والے کنکشنز میں 20کمرشل، 8زرعی اور424ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو3 لاکھ39 ہزار7 سو72یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت1کروڑ 15لاکھ67 ہزار 6 سو 93 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔
انسداد بجلی چوری مہم کو280روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 1 لاکھ2سو44ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،87 ہزار1سو 66 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر34 ہزار1سو21 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک11کروڑ26لاکھ7ہزار9 سو 52یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت4ارب5کروڑ34لاکھ2 ہزار9سو17 روپے ہے۔