لاہور۔ 17 اپریل (اے پی پی):لاہور میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم 21 اپریل سے شروع ہو گی جو 25 اپریل تک جاری رہے گی۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد وسیم کی زیرِ صدارت انسداد پولیو مہم کی تیاریوں او رانتظامات کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے اجلاس کانفرنس رُوم میں منعقد ہوا،جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ سروسز سرگودھا ڈاکٹر سارہ صفدر اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرسمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں انسداد پولیو مہم ، سکیورٹی پلان اور مہم میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے لائحہ عمل سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام سٹیک ہولڈرز کو ہدایات جاری کیں کہ مہم میں کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہیں رہنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ گھرکی دہلیز پر بچوں کو انسدادِ پولیو سے بچائو کے قطرے پلانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انُہوں نے واضح کیا کہ پولیو مہم میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ انسداد پولیو مہم 21 سے 25 اپریل تک جاری رہے گی۔
مہم کے دوران ضلع بھر کے 7 لاکھ 9 ہزار 266 بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کو کامیاب بنانے کے لئے 169 یوسی ایم اوز ، 612 ایریا انچارج ، 3ہزار 36 موبائل ، 206 فکسڈ، 89 ٹرانزٹ جبکہ مجموعی طورپر 3 ہزار 331 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انسدادِ پولیو مہم میں کل 2 ہزار 806 ورکرز حصہ لیں گے جن میں محکمہ صحت کے 2 ہزار 564 ، تعلیم کے 145، پاپولیشن ویلفیئر کے 44 ،سول ڈیفنس کے 34او ردیگر اداروں کے 19ملازمین شامل ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583462