لاہور۔18فروری (اے پی پی):والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے ورلڈ سینٹر فار پنجابی اور جیانہ ٹریولز کے ساتھ ایک اسٹریٹجک تعاون کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد خطے میں آنے والے سکھ یاتریوں کیلئے سیاحت کے تجربات کو بہتر بناناہے۔اس مفاہمت نامہ کا مقصد لاہور کے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور اسکے حسن کو اجاگرکرنے کے ساتھ ساتھ پائیدار سیاحتی طریقوں کو فروغ دینا ہے۔
والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے کہا کہ والڈ سٹی آنے والے سکھ یاتریوں کیلئے ناقابل فراموش تجربات فراہم کرنے کے لئے ورلڈ سینٹر فار پنجابی اور جیانہ ٹریولز کے ساتھ معاہدہ کرنے پر بہت خوش ہیں۔ یہ تعاون نہ صرف لاہور کی متحرک تاریخ اور تعمیراتی عجائبات کو منظر عام پر لائے گا بلکہ ثقافتی تبادلوں کو بھی فروغ دے گا ۔والڈ سٹی اقلیتی ورثے کی کئی تاریخی عمارات کے تحفظاتی منصوبوں پر عملدرآمد کر رہا ہے۔
ان کوششوں کے ساتھ ساتھ ہم ان تاریخی اہم مقامات تک زیادہ سے زیادہ رسائی کو یقینی بنا کر سکھ سیاحت کو فروغ دینے کیلئے بھی کوشاں ہیں۔یہ تعاون خصوصی ٹور پیکجز تیار کرنے،زائرین کے لئے سہولیات کو بڑھانے اور سکھ برادری کے لئے اہمیت کے حامل تاریخی مقامات کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرے گا۔
ان مقامات کی روحانی اور ثقافتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس اقدام کا مقصد سکھ یاتریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو راغب کرنا ہے جو اپنے ورثے سے جڑنا چاہتے ہیں۔ورلڈ سینٹر فار پنجابی کے ڈائریکٹر پروفیسر (ریٹائرڈ) ڈاکٹر عبدالرزاق شاہد نے کہا کہ ہم سکھ یاتریوں کی سہولت کیلئے والڈ سٹی کے ساتھ اس مفاہمت نامہ پر خوش ہیں،ہم مل کر لاہور کو سکھ ورثے کی سیاحت اور ایک اہم مقام کے طور پر فروغ دینے کے لیے پر امید ہیں اور پنجاب کی ثقافتی تفہیم اور تاریخ کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں۔جیانہ ٹریولز کی سی ای او نوشابہ شہزاد نے کہا کہ جیانہ ٹریولزسکھ زائرین کے روحانی سفر سے ہم آہنگ ہونے والے عمیق سفری تجربات کی تیاری میں اہم کردار ادا کرے گا۔