لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاداتا گنج بخش ٹائون سمیت شہر بھر میں صفائی آپریشن جاری

102

لاہور۔15مئی (اے پی پی):لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاداتا گنج بخش ٹائون سمیت شہر بھر میں صفائی آپریشن جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق ایل ڈبلیو ایم سی کے 2ہزار سے زائد ورکرز اور 350 سے زائد آپریشنل گاڑیاں داتا گنج بخش ٹائون میں بہترین صفائی انتظامات یقینی بنا رہے ہیں جبکہ گھر گھر سے کوڑا اٹھانے کے لیے 148لوڈر رکشے بھی داتا گنج بخش ٹائون میں تعینات ہیں۔خصوصی صفائی اقدامات کے تحت ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے داتا گنج بخش ٹائون میں موجود اوپن پلاٹس اور20 سے زائد ہاٹ سپاٹ ایریاز کی کلیئرنس مکمل کی گئی۔مزید برآں سیکرٹریٹ، ساندہ روڈ، چوبرجی چوک ڈی سی آفس، آئوٹ فال روڈ، داتادربار، لکشمی چوک، چائنا چوک کے اطراف خصوصی صفائی آپریشن مکمل کیا گیا۔

اسی طرح گوالمنڈی چوک، نسبت روڈ، شملہ پہاڑی، لوئر مال، لیٹن روڈ، فیروزپور روڈ، شادمان،لارنس روڈ میں بھی صفائی ستھرائی کا عمل بلاتعطل جاری اورشادمان عارضی کولیکشن پوائنٹ کو روزانہ کی بنیاد پر زیرو ویسٹ کیا جا رہا ہے۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے’’ اے پی پی ‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے وژن ستھرا پنجاب کے تحت لاہور کے 9 ٹائونز میں مرحلہ وار خصوصی صفائی ایکٹیویٹیز کا سلسلہ جاری ہے۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف بنانے میں ایل ڈبلیو ایم سی ٹیموں کا ساتھ دیں اورکوڑا ہمیشہ کوڑے دان میں ڈالیں جبکہ صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139پر رابطہ یا سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔