لاہور۔12مئی (اے پی پی):لاہور پریس کلب کی ہاسپٹیلیٹی کمیٹی کے زیر اہتمام عالمی شہرت یافتہ پاکستانی ادارے کوتھم میں خواتین ممبرزکے لیے کیک بیکنگ کی ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ انٹرنیشنل شیف محمد رزاق نے شرکاخواتین کو کیک بنانے کے مختلف طریقوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور عملی طور پر کپ بنایا۔لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ ، ممبر گورننگ باڈی شاہدہ بٹ ، سینئر صحافی تمثیلہ چشتی ، درخشندہ علمدار ، فرزانہ چوہدری ،غلام زہرہ ، فرزانہ اقبال ، عیشہ رشید ، مصباح چوہدری ، صباممتاز ، فوزیہ تنویر ، شازیہ کنول ، رابعہ عظمت،فرزانہ سمیت خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ سینئر صحافی رفیق خان، خواجہ آفتاب ، فراز قصوری اور محمد بابرودیگر نے بھی ورکشات میں شرکت کی ۔
اس موقع پر شرکاورکشاپ نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور مختلف سوالات بھی کئے۔ صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے ورکشاپ کی شرکامیں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ انہوں نے ہاسپٹیلیٹی کمیٹی کی جانب سے منعقدہ ورکشاپ کو سراہتے ہوے کہا کہ پریس کلب کی خواتین ممبرزکے لیے ایسی ورکشاپس کا وقتاًفوقتاًانعقاد کیا جائے تاکہ ہماری ممبران اس تربیت کا فائدہ اپنی عملی زندگی میں بھی اٹھا سکیں اور آن لائن بزنس کے ذریعے اپنی آمدن کے ذرائع کو بہتر بنا سکیں۔ اس موقع پرکوتھم کے بانی صدراور سی ای او احمد شفیق نے کہا کہ کوتھم کے ملک بھر میں 25سے زائد تعلیمی کیمپس ہیں ہمارے ادارے کے فارغ التحصیل سٹوڈنٹس اس وقت دنیا بھر میں نہ صرف بہترین اور باعزت روزگار کما رہے ہیں بلکہ کوکنگ
ہاسپٹیلیٹی اور ٹورازم انڈسٹری میں پاکستان کی پہچان ہیں۔ سی ای او کوتھم احمد شفیق نے بتایا کہ اس ادارے کو بنانے کا میرا بنیادی مقصد اپنے نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنرمند بنانا تھا اور الحمد اللہ ہمیں اس میں زبردست کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے لاہور پریس کلب کے ممبرز کے بچوں کے لیے کوتھم کے مختلف کورسز کی فیس میں خصوصی رعایت کے لئے جلد لاہورپریس کلب کے ساتھ معاہدہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596294