26 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 3, 2025
ہومعلاقائی خبریںلاہور پولیس آپریشنز ونگ کادرجہ چہارم کے ملازمین کے لیے خصوصی تقریب...

لاہور پولیس آپریشنز ونگ کادرجہ چہارم کے ملازمین کے لیے خصوصی تقریب کا اہتمام

- Advertisement -

لاہور۔2مئی (اے پی پی):لاہور پولیس آپریشنز ونگ کے کمانڈر نے اپنے دفتری اور درجہ چہارم کے ملازمین کے لیے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر ملازمین اور ان کے اہلخانہ کو قذافی سٹیڈیم لے جایا گیا جہاں انہیں پی ایس ایل میچ دکھایا گیا۔ ایس پی ہیڈ کوارٹرز منزہ کرامت خود ملازمین کو سٹیڈیم لے کر پہنچیں۔ پولیس لائن سے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو خصوصی پروٹوکول کے تحت قذافی سٹیڈیم لایا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے ملازمین کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔ تقریب کے دوران ننھے منے بچوں نے کرکٹ میچ کا لطف اٹھایا جبکہ فیملیز نے ڈی آئی جی آپریشنز کے ساتھ یادگار سلفیاں بھی لیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ پولیس فورس کی کامیابی میں ہر سطح کے ملازمین کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ فرنٹ لائن پر نظر نہ آنے والے ملازمین بھی پولیس کی کامیابی کا اہم حصہ ہیں۔

- Advertisement -

فیصل کامران نے کہا کہ وزیر اعلی اور آئی جی پنجاب کی ہدایات پر ملازمین کی بہبود ان کی اولین ترجیح ہے۔ درجہ چہارم کے ملازمین نے لاہور پولیس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کی تقریب میں شامل ہو کر انہیں بہت خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے ان کے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔ یہ تقریب لاہور پولیس کی جانب سے اپنے ملازمین کے ساتھ یکجہتی اور ان کی خدمات کی قدر کا اظہار تھی جس میں خاندانوں سمیت تمام ملازمین نے بھرپور طریقے سے شرکت کی اور لطف اندوز ہوئے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591566

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں