لاہور پولیس محرم الحرام کے دوران قیام ِ امن کیلئے جامع سکیورٹی پلان پر عمل پیرا ہے،3868 سے زائد مجالس اور458 سے زائد عزاداری جلوسوں کو بھر پور سکیورٹی فراہم کی جائے گی، ترجمان

4

لاہور۔27جون (اے پی پی):لاہور پولیس محرم الحرام کے دوران قیام ِ امن کے لئے جامع سکیورٹی پلان پر عمل پیراہے، عشرہ ِ محرم کے دوران3868 سے زائد مجالس اور458 سے زائد عزاداری جلوسوں کو بھر پور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت میں کیٹیگری اے کی 457،کیٹیگری بی کی2610اورکیٹیگری سی کی 801مجالس منعقد ہوں گی جبکہ کیٹیگری اے کے 17،کیٹیگری بی کے74اور کیٹیگری سی کے3 جلوس منعقدہوں گے۔اس حوالے سے سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی، محرم الحرام سے متعلق حکومتی ایس او پیزپرمن و عن عملدرآمدکروایا جائے گا۔

سی سی پی او لاہور نے کہا کہ لائوڈ سپیکر ایکٹ، مجالس و جلوسوں کے اوقات ِ کار اور روٹس کی پابندی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈکٹیٹرز سمیت دیگر جدید آلات و ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ڈولفن اسکواڈ، پیرو، اینٹی رائٹ فورس اور ٹریفک پولیس سمیت تمام فیلڈ فارمیشنز محرم ڈیوٹی پر مامور ہوں گی جبکہ خواتین عزاداروں کی سکیورٹی اور چیکنگ کیلئے لیڈی پولیس اہلکارفرائض سر انجام دیں گی۔انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے روٹس کی سکیورٹی کیمروں سے 24 گھنٹے مسلسل نگرانی کی جائے گی۔سی سی پی او نے پولیس افسران کو علما کرام اور منتظمین ِ

مجالس و جلوس سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے عشرہ محرم کے دوران بہترین پارکنگ انتظامات اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی ہدایات دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال برقرار رکھنا لاہور پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔