لاہور۔30اکتوبر (اے پی پی):لاہور پولیس نے قیام ِ امن کیلئے رواں سال اب تک3662سرچ آپریشنز کئے ہیں،ان سرچ آپریشنز کے دوران01لاکھ 8ہزار سے زائد گھروں،63ہزار سے زائد کرایہ داروں اور02لاکھ 56ہزار سے زائد اشخاص کو چیک کیا گیا ہے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق دوران سرچ آپریشنز02لاکھ54ہزار سے زائد اشخاص کو تصدیق کے بعد کلیئر کر دیا گیا اور قانون شکنی پر1967افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ ترجمان نے مزیدبتایا کہ دوران سرچ آپر یشنز کرایہ داری ایکٹ کے تحت526اشخاص کے خلاف کارروائی کی گئیں ،ان سرچ آپریشنز میں 423اشتہاری مجرمان کو گرفتار، منشیات کے189مقدمات درج اورضابطہ فوجداری کے تحت162افراد کو حراست میں لیا گیاہے۔اسی طرح ناجائز اسلحہ کے267مقدمات اور شراب نوشی کے133مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ قیامِ امن کے لئے ان سرچ آپریشز کے دوران128ہوٹل،36گیسٹ ہائوسز،89ہاسٹلز،30بس اڈوں،46گودام وفیکٹریاں،7408دکانیں اور68مساجد و مدارس کوبھی چیک کیاگیاہے۔اس حوالےسے سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ قانون شکن عناصر کی سرکوبی کیلئے روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔انہوں نے سپروائزری افسران کوسرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کی خود نگرانی کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں ، بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر چیکنگ، نگرانی کا عمل مزید سخت اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث سماج دشمن عناصر کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کی بیخ کنی کیلئے پولیس فورس کو جدید تربیت سے آراستہ کیا جا رہا اور لاہور پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے فریضہ کو ذمہ داری سے نبھا رہی ہے۔