لاہور۔25اگست (اے پی پی):لاہور پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث گینگز کے خلاف کارروائیوں کے دوران رواں سال 2107 گینگز کا قلع قمع،4651 گینگ ممبرز گرفتار کرکے ان سے بڑے پیمانے پر ریکوریاں کیں۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان سے 1ارب12کروڑ53لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی ،ان کے قبضے سے قیمتی گاڑیاں،موٹر سائیکلیں ودیگر وہیکلز کے ساتھ ساتھ طلائی زیورات،موبائل فونز اورلیپ ٹاپس بھی برآمد ہوئے۔
سی سی پی اولاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث گینگز کو قانون کے شکنجے میں لایا جا رہا ہے،ان سے ملنے والا مال مسروقہ قانونی کارروائی کے بعد اصل مالکان کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ منظم جرائم پرزیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں، مطلوب اشتہاریوں کی گرفتاری کےلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھر پور استفادہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس عوام کے تحفظ اور قانون کی سربلندی کےلئے سرگرم ہے۔