لاہور پولیس کی انسدادِ سموگ مہم ، 209ملزمان گرفتار

104
لاہور پولیس کی انسدادِ سموگ مہم ، 209ملزمان گرفتار

لاہور۔1نومبر (اے پی پی):لاہور پولیس نے انسدادِ سموگ مہم کے دوران 197مقدمات درج کر کے 209ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق فیول، تار کول اور کاربن بورڈ جلانے پر8مقدمات درج، 8ملزمان گرفتار کئے گئے۔کنسٹرکشن میٹریل کے77مقدمات درج،87ملزمان گرفتار کئے گئے۔

فصلوں کی باقیات جلانے پر17مقدمات درج،17ملزمان گرفتارکئے گئے۔ ٹائرز، پلاسٹک، شاپنگ بیگز جلانے پر25مقدمات درج ،25ملزمان گرفتار ہوئے۔ فیکٹریوں اورکارخانوں کے خلاف49مقدمات درج ،49ملزمان گرفتار کئے گئے۔ کوڑے کو آگ لگانے پر21مقدمات درج،23ملزمان کو گرفتارکیا گیا۔

ترجمان کےمطابق سٹی ڈویژن میں انسدادِ سمو گ کے 55ملزمان،کینٹ میں 75، سول لائنزمیں 21، صدرمیں 5، اقبال ٹاون میں 5 اور ماڈل ٹاون میں 48ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں۔اس حوالے سے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ انسداد ِسموگ سے متعلق جاری حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایاجارہا ہے۔ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں پرمتعلقہ محکموں کی بھر پور معاونت کی جا رہی ہے۔

سی سی پی اولاہور نے فضائی آلودگی میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاون مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سموگ کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھی جائیں،سموگ کاسبب بننے والے عوامل کی نشاندہی کے لئے سیف سٹی کیمروں سے مدد لی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس دھواں چھوڑنے والی ٹرانسپورٹ کے خلاف کریک ڈاون یقینی بنائے، ڈھانپے بغیرریت و مٹی کی ٹرالیاں لانے والے ڈرائیوروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس قانون کی بالا دستی ہر صورت یقینی بنائے گی، پٹرولنگ ٹیمیں فیلڈ میں متحرک رہیں ،ڈویژنل افسران انسدادِ سموگ لاک ڈائون و دیگر کارروائیوں کی خود مانیٹرنگ کریں۔