لاہور۔31مارچ (اے پی پی): کی جانب سے ایسٹر کے موقع پر شہرکے622گرجا گھروں کی سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے۔اس ضمن میں مسیحی عبادت گاہوں کے ساتھ ساتھ تفریحی مقامات کیلئے بھی سکیورٹی فراہم کی گئی۔ یہ بات کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ نے اتوار کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں کہی۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ افسران مسیحی عبادت گاہوں اور تفریحی مقامات کی سکیورٹی کی مانیٹرنگ کیلئے خود فیلڈ میں موجود رہے۔سی سی پی او نے کہا کہ گرجا گھروں اور تفریح گاہوں کے گردونواح میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں مسیحی عبادت گاہوں کے اطراف میں موثر پٹرولنگ کرتی رہیں۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس نے ایسٹر کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے فرض شناسی اور جانفشانی کے ساتھ ڈیوٹی سر انجام دی۔ ندیم کامران بشپ آف لاہور، چرچ آف پاکستان نے کہا کہ مسیحی عبادات اور دیگر تقریبات پر لاہور پولیس پوری ذمہ داری سے مسیحی عبادت گاہوں کے سکیورٹی فرائض انجام دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسیحی عبادت گاہوں کیلئے سکیورٹی کی فراہمی پر لاہور پولیس اور سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔