لاہور پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں درجنوں ملزمان گرفتار ، بڑی تعداد میں اسلحہ، منشیات اور موٹر سائیکلیں برآمد

157

لاہور۔7دسمبر (اے پی پی):ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران کے احکامات کی روشنی میں موٹر سائیکل چوری کے انسداد کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ہربنس پورہ پولیس نے ڈکیتی و چوری کے 45 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ 02 رکنی زیبی لوہارگینگ کو حراست میں لے لیا۔ ملزمان کے قبضہ سے 05 موٹر سائیکلیں، 02 پستول بمعہ گولیاں اور نقدی برآمدکی گئی۔ ملزمان میں سرغنہ زوہیب عرف زیبی لوہار اور آصف شامل ہیں۔ اسی طرح راوی روڈ اور قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے علاقوں سے 2متحرک موٹر سائیکل چور گینگ کے 4 ارکان بھی گرفتار کئے گئے۔

ملزمان کے قبضہ سے3 موٹر سائیکلیں،ماسٹر چابیاں،3عدد پسٹل اور ہزاروں روپے نقدی برآمد کی گئی۔گرفتار ملزمان میں اویس، عبدالرحمان،صیغم عباس اور اصغر علی شامل ہیں۔ چوکی اعوان ڈھائے والا کے علاقے میں دوران سرچ آپریشنز مختلف مقامات سے 05 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ ملزمان سے 03 کلاشنکوف، 02 پستول، میگزینز اور سینکڑوں گولیاں برآمد کی گئیں۔گرفتار ملزمان میں رمضان، خدابخش، عامر، آصف اورواسق شامل ہیں۔ ڈولفن سکواڈ نے بھی ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کیخلاف کریک ڈان کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے مجموعی طور پر 27 ملزمان گرفتارکر لیے۔ ہوائی فائرنگ میں ملوث 02 ملزمان سمیت 25 ون ویلرز گرفتارکیے گئے۔

ملزمان کے قبضہ سے پستول، رائفل،میگزینزو گولیاں برآمدکی گئیں۔ اسی طرح مجاہد سکواڈ نے ماہ نومبر کے دوران ای پولیس ایپ کی مدد سے جرائم پیشہ عناصر اور اشتہاری ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کر تے ہوئے 124 اشتہاری جبکہ87 عدالتی مفروران حراست میں لے لیئے۔ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 6کلو سے زائد چرس،10 بوتل شراب اور 4 پسٹلزبمعہ گولیاں برآمد کیے گئے۔