لاہور۔12جون (اے پی پی):لاہور پولیس کی جانب سے عیدالاضحی کی مناسبت سے شہربھر میں قائم 08مویشی منڈیوں کی سیکورٹی کیلئے04ایس پیز،08ایس ڈی پی اوز،07ایس ایچ اوزاور22اپر سب آرڈنیٹس سمیت430 پولیس اہلکارتعینات کئے گئے ہیں۔یہ بات ترجما ن لاہور پولیس نے یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔
ترجمان نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاہ پور کانجراں،رائیونڈ روڈ، این ایف سی سوسائٹی ملتان روڈ، نیو کنگ لین ہائوسنگ سوسائٹی،سپورٹس کمپلیکس اڈا رکھ چھبیل،برکی روڈ، ایل ڈی اے سٹی اور سگیاں روڈکے مقامات پر مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں۔اس حوالے سے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں اورخریدار شہریوں کے تحفظ کیلئے بہترین سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے منظور کردہ پوائنٹس کے علاوہ کسی اورجگہ مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہیں، غیر قانونی مویشی منڈیوں اورسیل پوائنٹس کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے بتایاکہ نوسر بازوں، جیب تراشوں اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کیلئے پٹرولنگ پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے۔
ڈولفن سکواڈاور پولیس رسپانس یونٹ سمیت پٹرولنگ ٹیمیں مویشی منڈیوں کے اطراف متواتر پٹرولنگ کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید بتایاکہ مویشی منڈیوں کے اطراف میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور پارکنگ کیلئے بھی سٹاف تعینات کیاگیا ہے۔