لاہور۔16مارچ (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد نے ملک میں ہونے والی حالیہ دہشتگردی کی کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے ۔اتوار کو جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف اس جنگ میں حکومت، فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے،ایل سی سی آئی اپنی بہادر مسلح افواج کے جوانوں کی قربانیوں کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش کرتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج کی قربانیاںجو ہمیشہ قوم کی سلامتی اور فلاح کو ہر چیز پر مقدم رکھتی ہیں ان کی حب الوطنی اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم مسلح افواج اور پاکستان کے عوام کے ساتھ متحد ہو کر اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
میاں ابوذر شاد نے کہا کہ لاہور چیمبر حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ دہشتگردی کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور مزید دہشتگردی کے واقعات کی بیخ کنی کیلئے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں جبکہ ہمیں ایک قوم کے طور پر دہشتگردی کا مقابلہ کرنے اور اپنی مسلح افواج کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573185