لاہور چیمبر اور ضلعی انتظامیہ کا کاروباری برادری کے مسائل حل کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق

97
Lahore Chamber of Commerce
Lahore Chamber of Commerce

لاہور۔20جنوری (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ڈپٹی کمشنر آفس نے کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا ہے۔ترجمان کے مطابق اس پر اتفاق رائے ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کے دورہ لاہور چیمبر آف کامرس کے موقع پر ہوا۔اس ملاقات میں لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد، نائب صدر شاہد نذیر چودھری، سٹینڈنگ کمیٹی برائے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لائزن کے کنوینر خواجہ سہیل محمود بٹ اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے اہم مسائل پر تفصیلی گفتگو کی جبکہ ڈپٹی کمشنر نے ان مسائل کے بروقت حل کی یقین دہانی کرائی۔لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے شہر کے اہم کاروباری مراکز جیسے ہال روڈ، برانڈرتھ روڈ، اکبری منڈی، مال روڈ، سرکلر روڈ اور اچھرہ وغیرہ میں پارکنگ مسائل پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کے تجارتی مراکز میں شدید پارکنگ مسائل ہیں جو کاروبار میں رکاوٹ پیدا کرتے ہیں اور گاہکوں کے لیے مشکلات پیدا کرتے ہیں۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ان علاقوں میں پارکنگ پلازوں کی تعمیر کو ترجیح دی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ نجی شعبے کی شمولیت سے اس عمل کو تیز کیا جا سکتا ہے اور جہاں جگہ محدود ہو وہاں روٹری پارکنگ جیسی جدید سہولیات پر غور کیا جائے۔لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے لاہور کے بازاروں میں آتشزدگی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور پانی کے ہائیڈرنٹس کی تنصیب پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ آگ سے تحفظ کے لیے بازاروں میں مناسب حفاظتی ڈھانچے کو یقینی بنایا جائے تاکہ مزید نقصانات سے بچا جا سکے۔میاں ابوذر شاد نے کہا کہ صنعتی علاقوں اور تجارتی مراکز میں سیکورٹی کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔انہوں نے ان علاقوں میں سیف سٹی کیمروں کی تنصیب اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ کاروباری ماحول معاشی ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور بہتر سیکورٹی اقدامات نہ صرف کاروبار کی حفاظت کریں گے بلکہ سرمایہ کاری کو بھی فروغ دیں گے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے سموگ کو کم کرنے کے لیے حکومتی اقدامات میں تعاون پر کاروباری برادری کی تعریف کی۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے بڑے تجارتی علاقوں میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس کی کامیاب کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹ تک رسائی میں بہتری کے لیے یہ اقدام ضروری تھا اور اس سے کاروباری سرگرمیوں کی روانی کو فروغ ملا۔انہوں نے کہا کہ کاروباری رہنماوں کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرنے سے پالیسیوں کے نفاذ میں بہتری آئے گی اور ایک سازگار کاروباری ماحول تشکیل پائے گا۔

نائب صدر لاہور چیمبر شاہد نذیر چودھری نے شرکاکو لاہور شاپنگ فیسٹیول کے بارے میں بریفنگ دی جو31 جنوری سے2 فروری تک ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد ہوگا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے اس فیسٹیول کی کامیابی کے لیے تعاون کی درخواست کی۔لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ کے اقدامات میں تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔