لاہور۔3دسمبر (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ملکی معیشت کے فروغ اور مختلف صنعتوں کے مسائل کے حل کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے سیکٹرز کی مطابقت سے 100 سے زائد سٹینڈنگ کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوزر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چوہدری کی جانب سے یہ قدم کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے اور شعبہ جاتی مسائل حل کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداران نے کہا کہ سٹینڈنگ کمیٹیاں خصوصی تھنک ٹینکس کے طور پر کام کریں گی اوراپنے متعلقہ شعبوں میں درپیش مسائل کی نشاندہی، مواقع کی تلاش اور جدت کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کریں گی۔ یہ کمیٹیاں پالیسی سفارشات کی تیاری،
مسابقت میں اضافے اور معیشت کے کلیدی شعبوں میں پائیدار ترقی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گی۔صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے ان کمیٹیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ کاروباری برادری اور پالیسی سازوں کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گی، ان کے ذریعے تمام انڈسٹری کی آواز سنی اور ان کے مسائل حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سٹینڈنگ کمیٹیاں تحقیق پر مبنی پالیسی تجاویز تیار کریں گی اور حکومتی اداروں کے ساتھ روابط قائم کرکے کاروبار دوست قوانین وضع کرنے پر زور دیں گی۔ یہ کمیٹیاں کاروباری برادری اور حکومتی اداروں کے درمیان روابط کو مستحکم کریں گی۔ جدت کو فروغ دینا اور پاکستانی صنعتوں کی عالمی مسابقت بڑھانے کی حکمت عملی تیار کرنا بھی ان کمیٹیوں کا حصہ ہوگا۔ہر شعبے کی ضروریات کے مطابق تربیتی سیشنز، ورکشاپس اور سیمینارز منعقد کیے جائیں گے۔