لاہور۔یکم جون(اے پی پی )لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر کی سربراہی میں ایک وفد نے وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی اور وفاقی بجٹ کے موضوع پر تفصیلا تبادلہ خیال کیا ہے۔ وفد میں لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر، نائب صدر فہیم الرحمن سہگل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین شامل تھے جبکہ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد، وزیرمملکت برائے ریونیو حماد اظہر، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، ڈاکٹر سلمان شاہ، ڈاکحقان نجیب، افتخار علی ملک، شاہد حسن شیخ، فاروق افتخار، محمد علی میاں، ملک طاہر جاوید، نبیل ہاشمی،گوہر اعجاز اور فاروق نسیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ تاجر برادری کی تجاویز پر خصوصی غور کیا جارہا ہے کیونکہ یہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ انہوں نے کہا کاروباری آسانیوں کے حوالے سے صورتحال بہتر کرنے کے لیے حکومت خصوصی اقدامات اٹھارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریفنڈز کا مسئلہ جلد حل ہوجائے گا۔ لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر ، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ خام مال پر زیادہ ٹیکسز ، لیویز ، ایڈوانس اور ودہولڈنگ ٹیکسز کی وجہ پاکستانی صنعتیں عالمی منڈی میں مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کےا کہ انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس ریفنڈز جلد ادا کیے جائیں کیونکہ صنعتوں کو سرمائے کی قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ صنعتوں کے لیے زیرو ریٹنگ کی سہولت کسی بھی صورت ختم نہ کی جائے کیونکہ ان سیکٹرز کے ریفنڈز حکومت کی ٹیکس کلیکشن سے کہیں زیادہ ہیں، اس سہولت کی منسوخی سے حکومت کی طرف ریفنڈز میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا جس کو ادا کرنے میں سالوں لگ جائیں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ خام مال پر ڈیوٹیاں اور ٹیکسز کم سے کم کیے جائیں۔ تمام خام مال پر کسٹم ڈیوٹیز ختم یا انتہائی کم ہونی چاہیے۔