اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ استعفے دینے کی جرات ہے تو اسپیکر کو دیں،لاہور کا جلسہ پی ڈی ایم کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا،مولانا اسلام کے نام پر سیاست کر رہے ہیں اور نواز ،زرداری کی چوری کے دفاع کی جنگ لڑ رہے ہیں۔اپنے جاری بیان میں علی امین گنڈا پورنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان انہیں کبھی این آر او نہیں دینگے،مریم نواز کی ہر بات جھوٹی ہے ۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اچکزئی نے غیرت مند لاہوریوں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی، جن کے گھروں سے پاکستان کی تحریک کا اعلان ہوا،اچکزئی اپنے الفاظ واپس لے ورنہ لاہور اور پنجاب میں اس کے داخلے پر پابندی لگ جانی چاہیے۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ مولانا اپنی بے نامی جائیدادوں اور اربوں کی کرپشن کا جواب دیں،جلد ہی مولانا کو ثبوتوں کے ساتھ بے نقاب کر کے قرار واقعی سزا دلوائوں گا۔