لاہور۔ 12 جولائی (اے پی پی): لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں واقع گھر میں آگ لگنے سے بچوں سمیت 10 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے ۔ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق بھاٹی گیٹ کے علاقے محلہ سمیاں، نزد فیملی پارک ٹیکسالی، والڈ سٹی میں واقع 2 مرلے کے گھر کی دوسری منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے سارے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ترجمان کے مطابق دم گھٹنے سے 14 سالہ سونو،25 سالہ امبر،نوزائیدہ علمدار،14 سالہ مونو،60 سالہ خاتون سائرہ بانو ،16 سالہ عادل حسین،4 سالہ انزال فاطمہ،18 سالہ سنیہ ،15 سالہ سیماب اور40 سالہ خاتون فرزانہ جاں بحق ہو گئے۔ ترجمان کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا اور نعشیں میو ہسپتال منتقل کر دی ہیں ۔
ترجمان نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن میں 33 ریسکیورز اور 11 گاڑیوں نے حصہ لیا ، گنجان آباد علاقہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کے باوجود بہت کم وقت میں آپریشن مکمل کیا گیا۔