لاہور کے علاقے گارڈن ٹاون میں پلاٹس منسوخی کےخلاف درخواست پر ایل ڈی اے کو مصدقہ دستاویزات ریکارڈ میں لگانے کا حکم

74

لاہور۔11نومبر (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے گارڈن ٹاون میں پلاٹس منسوخی کے خلاف دائر درخواست پر ایل ڈی اے کو مصدقہ دستاویزات عدالت کے ریکارڈ میں لگانے کا حکم دے دیا۔ سوموار کو ہونے والی سماعت پر ایل ڈی اے کے قانونی مشیر صاحبزادہ مظہر تاخیر سے عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کو آگاہ کیا کہ گرین ٹاون کے پلاٹس کا اصل ریکارڈ دستیاب نہیں ہے اور ابتدائی انکوائری میں ریکارڈ کی عدم موجودگی کے باعث منسوخی کی گئی۔

دوران سماعت درخواست گزار زاہد و دیگر کے وکیل وقار اے شیخ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکلوں نے ایل ڈی اے سے پلاٹس کی ملکیت حاصل کی ،پلاٹس ایک مالک سے دوسرے اور تیسرے مالک کو ایل ڈی اے کی ٹرانسفر کے ذریعے منتقل ہوئے۔ پلاٹس کی تمام اصل دستاویزات مالکان کے پاس موجود ہیں اور ایل ڈی اے نے یکطرفہ اور غیر قانونی کارروائی کرتے ہوئے پلاٹس منسوخ کر دیے ہیں۔

عدالت سے استدعا ہے کہ ایل ڈی اے کی جانب سے پلاٹس کی منسوخی کا حکم کالعدم قرار دیا جائے،جس پر عدالت نیاایل ڈی اے کو مصدقہ دستاویزات عدالت کے ریکارڈ میں لگانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔