لاہور۔2مئی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے قصور کی گرین بیلٹ کی بحالی سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت سوموار 5مئی تک ملتوی کردی،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کیس پر سماعت کی،جمعہ کے روز دوران سماعت حکومت کی جانب سے اسد باجوہ ،واسا کی طرف سے میاں عرفان اکرم اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران پیش ہوئے اور عدالتی حکم پر اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں،دوران سماعت پنجاب حکومت کے وکیل نے لوڈر رکشوں سے متعلق رپورٹ پیش کی،سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ لوڈر رکشہ کی رجسٹریشن اور فٹنس سرٹیفکیٹ سے متعلق اجلاس ہو گیا ہے، اس بارے تفصیلی عملدرآمد رپورٹ پیر کو جمع کرادینگے،جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ رکشہ بنانے والے اور رکشوں کے ڈیلرز فٹنس سرٹیفکیٹ یقینی بنائیں،عدالت میں واٹر ری سائیکلنگ پلانٹس کی رپورٹس بھی کمیشن نے پیش کی،دوران سماعت ممبر جوڈیشل واٹر کیمشن نے عدالت کو بتایا کہ غیر قانونی بننے والی کمرشل بلڈنگ کو جرمانے کی رقم بڑھا دی گئی ہے،
ایک سال میں عدالتی حکم کے برعکس29 غیر قانونی کمرشل بلڈنگ بنائی گئیں،جس پر پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت سے رپورٹ جمع کروانے کی مہلت مانگی،ممبر واٹر جوڈیشل کمیشن کا کہنا تھا کہ صنعتی اداروں میں بھی واٹر میٹر لگائے جانے چاہیے،محکمہ ماحولیات کو کلائمنٹ چینج کے حوالے سے اقدامات کرنا کی ضرورت ہے جبکہ مارکیٹوں میں پرانے ٹائروں کو تلف کرنے پر ذمہ داران کے خلاف کاروائی عمل میں لانی چاہیے،دوسری جانب قصور کی گرین بیلٹ کی بحالی کیلئے دائر متفرق درخواست پر سماعت ہوئی،عدالت نے فیروزپور روڈ قصور گرین بیلٹ کی پنجاب حکومت کے وکیل کو رپورٹ جمع کروانے کی مہلت دے دی،
پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پیر تک قصور فیروز پور روڈ کی گرین بیلٹ سے متعلق رپورٹ پیش کریں گے،پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ قصور کی گرین بیلٹ پر متعلقہ قصور انتظامیہ سے تفصیلی رپورٹ مانگی ہے،عدالت تفصیلی رپورٹ جمع کروانے کی مہلت دے تاکہ رپورٹ جمع کروا سکیں،عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل کو پیر کو رپورٹس جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591209