لاہور ہائیکورٹ،صنم جاوید کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کیخلاف وکیل سے متعلقہ دستاویزات طلب،سماعت ملتوی

92

لاہور۔12فروری (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نےماتحت عدالت کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کیخلاف درخواست پر ان کے وکیل سے متعلقہ دستاویزات طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی،چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔

بدھ کو سماعت کے دوران ان کے وکیل نے عدالت کو بتایاکہ صنم جاوید ایک سماعت پر9 مئی کے دو مقدمات میں انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں پیش نہ ہوسکیں،اے ٹی سی عدالت نے صنم جاوید کی حاضری معافی کی درخواست بھی مسترد کر دی،عدالت نے صنم جاوید کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے،درخواست میں کہا گیا کہ عدالت نے صنم جاوید کے ضامن جاوید اقبال کی جانب سے دیئے گئے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم دیا،انسداد دہشتگردی عدالت نے صنم جاوید کے والد جاوید اقبال کو شو کاز نوٹس جاری کر دیئے،درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ صنم جاوید کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم کالعدم قرار دے اور انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے صنم جاوید کے والد کے خلاف جاری کردہ شوکاز نوٹس کو بھی کالعدم قرار دے۔

دو رکنی بینچ نے صنم جاوید کے وکیل سے متعلقہ دستاویزات طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی ۔