لاہور ہائیکورٹ،کالعدم تنظیم کیلئے فنڈ جمع کرنے پر سزا کے خلاف اپیل پر نوٹس جاری

5

لاہور۔24جون (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کیلئے فنڈ جمع کرنے کے درج مقدمے میں نامزد رفیق اللہ کو دی گئی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت کرتے ہوئے پراسیکیوشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔جسٹس شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اپیل پر سماعت کی۔

اپیل میں موقف اختیار کیا گیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے حقائق کے برعکس فیصلہ سنایا۔مجرم رفیق اللہ پر الزام تھا کہ وہ کالعدم تنظیم کیلئے فنڈز اکھٹا کرتا تھا،جس پر عدالت نے اسے پانچ سال قید کی سزا سنائی۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ رسیدیں فرانزک لیبارٹری کو لکھائی میچ کرنے کیلئے بھجوائی گئیں،

جن کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ تمام رسیدیں ایک ہی پین سے لکھی گئی ہیں تاہم اس فرانزک رپورٹ سے جرم ثابت نہیں ہوتا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے دی گئی سزا کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔