لاہور۔4اگست (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود سابق لیسکو چیف شاہد حیدر کیخلاف انکوائری جاری رکھنے کیخلاف درخواست پرڈپٹی اٹارنی جنرل کو عدالتی حکم کی روشنی میں شاہد حیدر کا معاملہ حل کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے لیسکو چیف اور بورڈز آف ڈائریکٹرز لیسکو سے تحریری جواب طلب کرلیا۔جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی ۔ دوران سماعت درخواست گزار کے عمران رضا چدھڑ ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ عدالت نے درخواست گزار کیخلاف کارروائی روکنے کا حکم دیا تھا
دوران سروس درخواست گزار کیخلاف کوئی کرپشن کا الزام نہیں تھا، ریٹائرمنٹ کے بعد الزامات کی بنیاد پر انکوائری نہیں کی جاسکتی، وزیراعظم کی ہدایت پر درخواست گزار کیخلاف انکوائری شروع کی گئی، انکوائری کمیٹی غیر قانونی طور پر بنائی گئی، استدعا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود انکوائری کا فیصلہ کرنے پر ذمہ داران کیخلاف کارروائی کی جائے ،عدالت درخواست گزار کیخلاف کمیٹی کا فیصلہ کالعدم قرار دے ،عدالت انکوائری کمیٹی کی کارروائی کو بھی کالعدم قرار دے ۔