لاہور۔18اکتوبر (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدراک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے شیخوپورہ میں فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا،عدالت نے دھواں چھوڑنے والے انڈسٹریل یونٹس کے خلاف آگاہی مہم اور فیصل آباد انڈسٹری ایریا میں آلودگی پر کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کردی،عدالت نے قرار دیا کہ درختوں کی کٹائی کو روکنے اور لوگوں کی آگاہی کے لئے اخبارات میں اشتہارات شائع کروائیں،
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس میں ہارون فاروق سمیت دیگر کی ایک ہی نوعیت کی درخواستوں پر سماعت کی ،جس میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی،جمعہ کے روز دوران سماعت مختلف محکموں کے حکام نے عدالتی حکم پر اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں،دوران سماعت عدالت نے ممبر جوڈیشل کمیشن کو حکم دیا کہ شیخوپورہ میں کافی علاقے میں فصلوں کی باقیات کو آگ لگائی گئی،ان کے خلاف ایکشن لیں اور انہیں گرفتار بھی کریں،ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ دو انڈسٹریل یونٹس کو دھواں چھوڑنے پر مسمار کردیا گیا ہے
،جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ اس حوالے سے سوشل میڈیا مہم چلائیں اور اخبارات میں اشتہارات شائع کریں، فیصل آباد انڈسٹریل ایریا پر محکمہ ماحولیات کی کارروائی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی،گجرانوالہ اور سیالکوٹ میں بھی تمام انڈسٹریل یونٹ کو چیک کیا جائے،درختوں کی کٹائی کو روکنے اور لوگوں کی آگاہی کے لئے اخبارات میں اشتہارات شائع کروائیں،ایل ڈی اے کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ لاہور کے انڈر پاسز کے اوپر بیوٹی فیکیشن کی انکوائری رپورٹ آئندہ پیشی پر جمع کروا دیں گے،عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ جمعہ تک ملتوی کرتے ہوئے محکموں سے کارکردگی رپورٹس طلب کر لیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=514435