لاہور۔11مارچ (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے سیالکوٹ انڈسٹریل زونز میں پلاٹس کی منسوخی کے خلاف دائر درخواست پر ابتدائی سماعت کرتے ہوئے سمال انڈسٹریز کے منسوخی فیصلے کو معطل کر دیا۔
عدالت نے سمال انڈسٹریز سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس شاہد کریم نے 15 نجی کمپنیوں کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ انہوں نے سیالکوٹ انڈسٹریل زون دو اور تین میں صنعتی پلاٹس خریدے تھے تاہم سمال انڈسٹریز نے 13 جنوری کو زونز کے 290پلاٹس منسوخ کر دئیے۔
درخواست گزاروں کے وکیل محمد زکریا شیخ ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ سمال انڈسٹریز نے درخواست گزاروں کے 22 پلاٹس بھی منسوخ کر دئیے حالانکہ یہ پلاٹس ذاتی رقم سے خریدے گئے تھے۔ ان کا موقف تھا کہ سمال انڈسٹریز کو انڈسٹریل زونز میں صرف ڈویلپمنٹ کا اختیار حاصل ہے، پلاٹس کی منسوخی کا اختیار نہیں۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ سمال انڈسٹریز کا پلاٹس منسوخ کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=571103