لاہور ہائیکورٹ، شہری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت

16

لاہور۔10جون (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے امریکا جانے والے شہری سید محمد عون کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کی دائر درخواست پر ڈی جی امیگریشن اور دیگر متعلقہ حکام کو جواب داخل کروانے کیلئے مہلت دے دی،جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس کی سماعت کی،درخواست گزار نے وفاقی حکومت،وزارت داخلہ اور ڈی جی امیگریشن کو فریق بنایا ہے،درخواست گزار سید محمد عون کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ شہری اپنی اہلیہ کے ساتھ امریکا جانا چاہتا ہے،جہاں اس کی بیوی، جو کہ ڈاکٹر ہے، اعلی تعلیم کیلئے گیارہ جون کو متعلقہ امریکی ادارے میں رپورٹ کرے گی۔

درخواست گزار کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں اور نہ ہی وہ کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہے،درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ڈی جی امیگریشن کی جانب سے پوری فیملی کو بلیک لسٹ کیا گیا اور نام شامل کرنے سے پہلے کوئی نوٹس بھی جاری نہیں کیا گیا،سرکاری وکیل نے عید الاضحی کی تعطیلات کے باعث جواب داخل نہ ہونے کا موقف اختیار کرتے ہوئے مہلت کی استدعا کی،جسے عدالت نے منظور کر لیا،عدالت نے سماعت25 جون تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو جواب جمع کروانے کی ہدایت کر دی۔