لاہور۔30مئی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے پیمرا کے عدالتی کارروائی کی کوریج پر پابندی کیخلاف درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے دائر درخواستوں پر سماعت کے لیے لارجر بینچ بنانے کی سفارش کردی،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے پیمرا نوٹیفکیشن کیخلاف درخواستوں پر چھ صفحات پر مشتمل عبوری تحریری فیصلہ جاری کیا ہے،
عدالت نے وفاقی حکومت اور پیمرا کو جواب داخل کرانے کیلئے وقت دینے کی استدعا منظور کر لی،عدالت نے درخواستوں کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بجھوا دیا کہ درخواستوں پر کارروائی کیلئے لارجر بینچ تشکیل دیا جائے،عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان کو معاونت کیلئے طلب کر لیا،درخواستوں میں ثمرہ ملک ایڈووکیٹ سمیت دیگر نے پیمرا کے اس نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا ہے جس میں عدالتی کارروائی کی کوریج پر پابندی لگائی گئی ہے۔