لاہور۔9اگست (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ پر موسم گرما کی تعطیلات کے چھٹے ہفتے کا ججز روسٹر جاری کردیا گیا ،11 اگست سے 3 ڈویژن بنچ سول اور فوجداری اپیلوں پر سماعت کریں گے ۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد موسم گرما کی تعطیلات کے چھٹے ہفتے کے حوالے سے ججز روسٹر جاری کردیا گیا جس کے مطابق 12 سنگل بنچ حکم امتناعی، ضمانت، اندراج مقدمہ سمیت کیسز کی سماعت کریں گے ۔
نوٹیفیکشن کے مطابق پرنسپل سیٹ پر ڈویژن بنچز میں کام کرنے والے ججز بطور سنگل بنچ بھی کیسوں کی سماعت کریں گے ۔چیف جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس عبہر گل خان پر مشتمل بنچ تمام نوعیت کی اپیلوں پر سماعت کرے گا۔جسٹس شمس محمود مرزا اور جسٹس ملک محمد اویس خالد پر مشتمل بنچ تمام نوعیت کی سول اپیلوں پر سماعت کرے گا ،اسی طرح جسٹس محمد جواد ظفر اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل بنچ فوجداری اپیلوں پر سماعت کرے گا ۔نوٹیفکیشن کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات کے دوران صرف اہم اور فوری نوعیت کے کیسز سماعت کےلئے پیش کئے جائیں گے۔