لاہور۔13فروری (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے علی زیب روڈ پر پرائیویٹ سکول کو کام کرنے کی اجازت دینے کے خلاف دائر درخواست پر ایل ڈی اے سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ معظم علی شاہ اور خدیجہ وزیر ایڈووکیٹ پیش ہوئیں،درخواست میں ایل ڈی اے، ٹیپا ،پرائیوٹ سکول ہیڈ کو فریق بنایا اور موقف اختیار کیا گیا ہے کہ علی زیب روڈ پر ٹریفک کا بہائو انتہائی زیادہ ہے، پرائیویٹ سکول کی عمارت کو پہلے ایل ڈی اے کی جانب سے منہدم کیا گیا تھا، ایل ڈی اے نے اب دوبارہ سے سکول کو کام کرنے کی اجازت دے دی ہے، روڈ پر پہلے ہی پانچ کمرشل عمارتیں موجود اور ٹریفک بلاک رہنا معمول ہے،سکول کی تعمیر کے بعد سڑک سے گزرنا مزید مشکل ہو جائے گا،درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت ایل ڈی کی جانب سے دی گئی اجازت کو کالعدم قرار دے، عدالت نے ایل ڈی اے سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔