لاہور ہائیکورٹ ، سابق ایم پی اے احسن ریاض فتیانہ کی بازیابی کی درخواست پر ایس پی انویسٹی گیشن کو ناقص تفتیش پر شو کاز نوٹس جاری

120
Lahore High Court
Lahore High Court

لاہور۔21اکتوبر (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے سابق ایم پی اے احسن ریاض فتیانہ کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر ایس پی انویسٹی گیشن کو ناقص تفتیش پر شو کاز نوٹس جاری کر دیا ۔عدالت نے پولیس کو ایک اور موقعہ فراہم کرتے ہوئے مغوی کو 25 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس علی ضیا باجوہ نے سابق ایم پی اے احسن ریاض فتیانہ کی والدہ ،سابق صوبائی وزیر آشفہ ریاض کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت عدالت نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سے کہا کہ اس کیس میں پولیس افسران کو بلا کر کہا گیا تھا کہ کیس میں تمام پہلووں کا جائزہ لیں، مگر یہ کیس فائل چار روز سے ایس ایچ او کے پاس ہے۔ فاضل جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر عدالتی حکم کے باوجود یہ حال ہے تو دوسرے عام کیسوں کا کیا ہوگا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ان افسران کو کیوں نہ توہین عدالت کا نوٹس دیا جائے ؟

جسٹس علی ضیا باجوہ نے نشاندھی کی کہ عدالت سے کہا گیا کہ بیدیاں روڈ پر صرف ایک کیمرہ چل رہا مگر سیف سٹی رپورٹ کے مطابق 13 کیمرہ لگے ہوئے ہیں، ایس پی انویسٹی گیشن نے تو کوئی بھی کام نہیں کیا ۔سینئر سیاستدان ریاض فتیانہ کے بیٹے اور سابق ایم پی اے احسن ریاض فتیانہ کی بازیابی کے لیے اس کی والدہ آشفہ ریاض نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ احسن فتیانہ کو جبری لاپتہ کیاگیا, احسن فتیانہ کو ابھی تک کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ عدالت احسن فتیانہ کو بازیاب کر اکے عدالت پیش کرنے کا حکم دے۔