لاہور ہائیکورٹ ، سیل کیے گئے بھٹے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ

لاہور ہائیکورٹ نے فیصل آباد میں آبادی اور اسکول کے قریب واقع بھٹے کو سیل کرنے کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا

لاہور۔22جولائی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے فیصل آباد میں آبادی اور اسکول کے قریب واقع بھٹے کو سیل کرنے کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔جسٹس احمد ندیم ارشد نے محمد اکرم کی درخواست پر سماعت کی،جس میں محکمہ ماحولیات سمیت دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ۔دوران سماعت ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات نے عدالت کو بتایا کہ متعلقہ بھٹہ این او سی کے بغیر چلایا جا رہا تھا،اس لیے اسے غیر قانونی طور پر سیل کیا گیا۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ آیا بھٹہ چلانے کے لیے این او سی حاصل کیا گیا تھا،جس پر وکیل نے موقف اختیار کیا کہ انہیں اس بارے میں معلومات نہیں،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل چوہدری تنویر اختر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ موسم گرما کی تعطیلات کے باعث ماحولیاتی ٹربیونل کے جج رخصت پر ہیں اور اس وقت ٹربیونل کام نہیں کر رہا۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ فیصل آباد میں آبادی اور اسکول کو جواز بنا کر بھٹہ سیل کیا گیا،حالانکہ بھٹہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے مطابق چل رہا ہے اور ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات نے حقائق کے برعکس کارروائی کی،درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت بھٹہ ڈی سیل کرنے کا حکم دے۔