انصاف کے شعبے میں پاکستان اور آذربائیجان کی شراکت داری کو عملی تعاون میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہیں، وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک

وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ پاکستان انصاف کے شعبے میں آذربائیجان کے ساتھ شراکت داری کو عملی تعاون میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ دونوں ممالک کے اداروں کو دیرپا فوائد حاصل ہوں۔

باکو ۔22جولائی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ پاکستان انصاف کے شعبے میں آذربائیجان کے ساتھ شراکت داری کو عملی تعاون میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ دونوں ممالک کے اداروں کو دیرپا فوائد حاصل ہوں۔ انہوں نے یہ بات باکو میں آذربائیجان کے وزیر انصاف فرید احمدوف سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات دونوں ممالک کی وزارت ہائے انصاف کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے تحت جاری ایگزیکٹو جوڈیشل ٹریننگ پروگرام ’’دی جوڈیشل کرافٹ‘‘ کے موقع پر ہوئی۔بیرسٹر عقیل ملک نے وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے نیک تمنائوں کا پیغام بھی پہنچایا اور کہا کہ پاکستان قانون، انصاف اور عدالتی اصلاحات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

اس موقع پر آذربائیجان کے وزیر انصاف فرید احمدوف نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تاریخی دوستی اور فروغ پاتی ہوئی شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک دونوں وزارت ہائے انصاف کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ملاقات میں دونوں وزراء نے مفاہمتی یادداشت پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ یہ شراکت داری محض باہمی مفاہمت کے فریم ورک سے آگے بڑھ کر عملی تعاون کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ ’’ایڈوانسڈ ٹریٹی پریکٹس: فرام سگنیچر ٹو ڈومیسٹک لاء‘‘ پروگرام اور باکو میں جاری دی جوڈیشل کرافٹ تربیتی پروگرام کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعاون کی علامت قرار دیا۔ملاقات کے دوران عدالتی تعلیم، ادارہ جاتی استعداد کار، قانونی تحقیق، قانون سازی، انصاف کے نظام کی ڈیجیٹل تبدیلی، ثالثی اور مصالحت سمیت تنازعات کے متبادل حل کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں فریقوں نے عدالتی انتظام، ڈیجیٹل انصاف کے اقدامات اور جدید ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال کے ذریعے انصاف کے نظام کو مزید موثر، شفاف اور عوام دوست بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ملاقات کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک وزارت ہائے انصاف کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر مشترکہ پروگراموں، ادارہ جاتی روابط اور اعلیٰ سطحی تبادلوں کے ذریعے عمل درآمد جاری رکھیں گے تاکہ قانون کی حکمرانی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

 

مزید خبریں