18.8 C
Islamabad
پیر, مارچ 17, 2025
ہومضلعی خبریںلاہور ہائیکورٹ نے اداکارہ ریما خان کی طرف سے ہتک عزت ٹربیونلز...

لاہور ہائیکورٹ نے اداکارہ ریما خان کی طرف سے ہتک عزت ٹربیونلز کے قیام کیلئے دائر درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 10اپریل تک ملتوی

- Advertisement -

لاہور۔17مارچ (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے اداکارہ ریما خان کی طرف سے ہتک عزت ٹربیونلز کے قیام کے لیے دائر درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 10اپریل تک ملتوی کر دی۔جسٹس عابد عزیز شیخ نے اداکارہ ریما کی درخواست پر ابتدائی سماعت کی جس میں ریما خان نے اپنے وکیل جہانزیب سکھیراکے توسط سے عدالت سے استدعا کی ہے کہ پنجاب حکومت کو پنجاب ڈیفیمیشن ایکٹ 2024کے تحت ہتک عزت ٹربیونلز کے قیام کا حکم دیا جائے۔

دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایک شخص شاہد رفیق نے ریما خان پر یہ جھوٹا الزام لگایا ہے کہ انہوں نے فلم "لو میں گم” میں ایک کروڑ 75 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی لیکن نہ تو انہیں رقم واپس کی گئی اور نہ ہی منافع میں حصہ دیا گیا۔ ریما خان نے کہا کہ وہ شاہد رفیق کو جانتی ہی نہیں ہیں اور یہ تمام الزامات بے بنیاد اور ہتک آمیز ہیں۔

- Advertisement -

درخواست میں ایک ارب روپے ہرجانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے سال 2024میں پنجاب ڈیفیمیشن ایکٹ منظور کیا تھا، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے سخت تنقید کی گئی تھی اور متعدد درخواستیں لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہیں۔وکیل جہانزیب سکھیرا نے عدالت کو بتایا کہ نئے قانون کے تحت ہتک عزت کا شکار فرد صرف ڈیفیمیشن ٹربیونل سے رجوع کر سکتا ہے، جبکہ پرانے قانون کے مطابق سیشن یا سول عدالت میں مقدمہ دائر کیا جا سکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک ٹربیونلز کا قیام عمل میں نہیں آیا، جس کی وجہ سے ریما خان کو انصاف کے حصول میں رکاوٹ کا سامنا ہے۔ پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ڈیفیمیشن ٹربیونل رولز 2025جاری کر دئیے گئے ہیں اور عید کے بعد ٹربیونلز کے قیام کا امکان ہے۔

عدالت نے ریما خان کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 10اپریل تک ملتوی کر دی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573430

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں