لاہور۔22مئی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے رائیونڈ کے علاقے میں موضع رکھ کھمبا کی 24 سالہ اراضی کا تنازعہ حل کردیا۔لاہور ہائیکورٹ نے ممبر بورڈ آف ریونیو کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا، جسٹس شاہد کریم نے درخواست گزار نواب فتح قزلباش فیملی کی درخواست پر سماعت کی،درخواست گزار کی جانب سے وقار اے شیخ ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ صابر حسین نامی شخص نواب فیملی کا ملازم تھا،صابر حسین نے اپنی زوجہ عصمت گل سے مل کر نواب فیملی کی زمین ہتھیائی اور ریونیو کورٹس نے دھوکہ دہی کی بنیاد پر ہتھیائی گئی
زمین نواب فیملی کو واپس کردی تھی،وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ ممبر بورڈ آف ریونیو نے ریونیو کورٹس کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے زمین ملازم صابر حسین کو دے دی،ریونیو بورڈ کا فیصلہ غیر قانونی ہے لہذا عدالت ممبر بورڈ آف ریونیو کا فیصلہ کالعدم قرار دے،دوران سماعت لوکل کمیشن کی رپورٹ عدالت میں جمع کروادی گئی جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے ممبر بورڈ آف ریونیو کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے زمین نواب فتح قزلباش فیملی کو واپس کرتے ہوئے اراضی کا24 سالہ پرانا تنازعہ حل کردیا۔