لاہور۔30جون (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف مواد اپ لوڈ کرنے کے مقدمے میں سوشل ایکٹوسٹ و پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کی ضمانت منظور کر لی،عدالت نے پانچ ، پانچ لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کروانیکا حکم دیا۔
جسٹس فاروق حیدر نے کیس کی سماعت کی،ملزمہ صنم جاوید کے وکیل نے عدالتی حکم پر ایف آئی آر کا متن پڑھ کر سنایا ،جسٹس فاروق حیدر نے استفسار کیا کہ کیا یہ ابتدائی ٹیکنکل رپورٹ ہے یا حتمی؟،ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ یہ ابتدائی ٹیکنیکل رپورٹ ہے،
عدالت نے تفتیشی افسر سے ابتدائی ٹیکنیکل رپورٹ کے کر اس کا جائزہ لیا اور استفسار کیا کہ ملزمہ کب گرفتار ہوئی،تفتیشی افسر نے جواب دیاکہ ملزمہ دس مئی کو گرفتار،چودہ مئی دوہزار پچیس کو جوڈیشل ہوئی ، عدالت نے تفتیشی افسر سے مکالمہ کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا ملزمہ سے کوئی موبائل وغیرہ کی ریکوری ہوئی،تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ ملزمہ سے کوئی برآمدگی نہیں ہوئی،
عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے ایکس اکاونٹ والوں کو کوئی خط لکھا،تفتیشی افسر نے جواب دیا ایکس اکاونٹ والوں کو 26مئی2025 کو لیٹر لکھا ،یہ اکاونٹ ملزمہ کے نام پر ہے،عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ملزمہ کا دفعہ164 کا بیان قلمبند ہوا ہے،اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ نہیں۔ عدالت نے درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے پانچ ، پانچ لاکھ کے دو مچلکے جمع کروانیکا حکم دے دیا ۔