لاہور۔16فروری (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے9مئی کو فیصل آباد میں حساس ادارے کے دفتر پر حملہ کے الزام میں درج مقدمے میں گرفتار گیارہ ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے دو دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی،ملزمان کی جانب ایڈووکیٹ عرفان فیض کلار نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان پر تھانہ سول لائن فیصل آباد میں مقدمہ درج ہے،ملزمان 8 ماہ سے زیر حراست ہیں،ملزمان کے خلاف ابھی تک کوئی الزام ثابت نہیں ہو سکا،بغیر کسی جرم کے کسی کو قید رکھنا آئین کی خلاف وزری ہے،
عدالت ملزمان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے،سرکاری وکیل نے بتایا کہ ملزمان کو ویڈیوز اور تصاویر کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے،ملزمان کا جرم ناقابل معافی ہے،عدالت درخواست ضمانت خارج کرے،عدالت نے دلائل سننے کے بعد گیارہ ملزمان کی2،2 لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا، ضمانت پانے والوں میں عمیر،عاقب،محسن خورشید،محمد رمضان،عبدالرحمان، عبدالرسول،محمد شہباز،بلال اکرم،طیب حسین،نوید صابر، ارسلان نذیر شامل ہیں۔