بیروت ۔30ستمبر (اے پی پی):ورلڈ فوڈ پروگرام نےلبنان میں حالیہ کشیدگی سے متاثرہ 10 لاکھ افراد کو خوراک فراہم کرنے کے لیے ہنگامی آپریشن شروع کیا ہے۔العربیہ اردو نے لبنان میں پروگرام کے ڈائریکٹر میتھیو ہولنگز ورتھ کے حوالے سے بتایا کہ راشن، روٹی، گرم کھانے اور خوراک کے پارسل پناہ گاہوں میں موجود خاندانوں میں تقسیم کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سال کے آخر تک 105 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرے۔
پروگرام کے مشرق وسطیٰ، شمالی افریقا اور مشرقی یورپ کے لیے علاقائی ڈائریکٹر کورین فلیشر نے خبردار کیا ہے کہ لبنان تباہی کے دہانے پر ہے اور دوسری جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔حکومتی کرائسس سیل کے سربراہ اور لبنان کے وزیر ماحولیات ناصر یاسین نےبتایا کہ اسرائیلی حملوں کی وجہ سے تقریباً10لاکھ لبنانی بے گھر ہو چکے ہیں ۔