لبنان میں مقیم روسی شہری اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار

78

بیروت ۔29اگست (اے پی پی):لبنان میں مقیم روسی شہری کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتارکر لیا گیا۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق حزب اللہ نے لبنانی سکیورٹی فورسزکوبتایا تھا کہ ایک روسی شہری کو اسرائیلیوں نے بیروت کے جنوبی مضافات اور جنوبی لبنان میں واقع اس کے ہیڈکوارٹرز کی جاسوسی کے لیے بھرتی کیا ہے۔سکیورٹی فورسز نے اسے قریباً دو ہفتے قبل بیروت ہوائی اڈے پر اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ اپنی بیوی اور بچّے کے ساتھ فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

حزب اللہ نے سکیورٹی فورسز کو بتایا تھا کہ مشتبہ شخص نے بیروت کے جنوبی مضافات میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں گھسنے کی کوشش کی تھی۔گرفتاری کے بعد جنرل سکیورٹی ڈپارٹمنٹ میں اس سے پوچھ گچھ کی گئی اور پھر ملٹری پراسیکیوٹرز کے حوالے کیا گیا ۔لبنان کی جنرل سکیورٹی ایجنسی کے عبوری سربراہ الیاس البیساری نے بتایا تھا کہ حکام نے بیروت ہوائی اڈے پر اسرائیل سے تعلق رکھنے والے دو افراد کوگرفتار کیا ہے۔

انھیں لبنان میں کارروائیاں کرنے کی ذمے داری سونپی گئی تھی۔انھوں نے حراست میں لیے گئے افراد کی قومیت بارے تفصیل فراہم کیے بغیر مزید کہا کہ ہم نے ان سےتفتیش کے بعد مجاز فوجی عدالت کے حوالے کردیا ہے۔