بیروت۔5اگست (اے پی پی):لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندر گاہ پر دھماکوں کو 4 سال مکمل ہوگئے ہیں ۔ شنہوا کے مطابق 4 اگست 2020 کو بیروت کی بندر گاہ پر دھماکے ہوئے جس میں 200سے زیادہ افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے جبکہ 50 ہزار مکانات تباہ ہو گئے تھے،بیروت دھماکوں میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ 15 بلین امریکی ڈالر لگایا گیا ۔
2020 کے بیروت پورٹ دھماکوں کے متاثرین کے اہل خانہ نے گزشتہ روز بیروت کے مرکز میں2 مارچ کئے اور بندرگاہ کے سامنے جمع ہوئے ۔ اس موقع پر کئی خاندانوں نے تقاریر کیں جن میں تحقیقات مکمل کرنے، مقدمے میں فرد جرم عائد کرنے اور دھماکوں کے ذمہ داروں کو نامزد کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر یادگاری تقریبات کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں سیاست دانوں،سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، سول سوسائٹی کی تنظیموں کے اراکین اور سینکڑوں لبنانی شہریوں نے شرکت کی، متاثرین کی تصویریں اٹھائیں اور اس میں ملوث افراد کے خلاف احتساب کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے لگائے۔
لبنانی شہریوں نے ایک بہت بڑا لبنانی جھنڈا بھی اٹھا رکھا تھا جس پر سینکڑوں شہریوں نے دستخط کئے اور اس واقعے کی حقیقت کو سامنے لانے کا مطالبہ کیا۔ شرکا نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی، قریبی چرچ کی گھنٹیاں اور بندرگاہ پر لنگر انداز بحری جہازوں کے سائرن بجائے گئے۔