لسبیلہ۔6جنوری (اے پی پی):لسبیلہ پولیس نے ڈکیتی ،راہزنی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث گینگ کے 4 ملزمان گرفتار کر کے 60 لاکھ روپےمالیت کا سامان برآمد کر لیا۔ ایس ایس پی لسبیلہ کیپٹن (ر) نوید عالم کی ہدایات پر پیر کو پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر علی حسن ولد امام بخش قوم سمالانی سکنہ کوٹ سعید خان بروہی نوشہرو فیروز کو گرفتار کر کے ملزم کے قبضہ سے 9 ایم ایم پسٹل بمعہ لوڈ میگزین برآمد کر لیا۔
دوران تفتیش ملزم علی حسن نے اوتھل اور بیلہ کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے ملزم کے اس اعترافی بیان کی بنیاد پر بیلہ اور اوتھل پولیس نے تھانہ اوتھل کے علاقہ موضع مکا میں چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی ،جس کے نتیجے میں ملزمان غلام حسین،محمد انور اقوام سمالانی سکنہ نواب شاہ سندھ حال اوتھل، کانجی قوم کولی سکنہ غلام محمد گوٹھ سندھ حال اوتھل کو گرفتار کیاگیا
پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے پک اپ گاڑی 40 عدد سولر پلیٹیں، PMT کی کوئلز، پلاسٹک کے پائپ،دو عدد سمر سیبل، ایک عدد انورٹر، الیکٹرک کیبلز و رسیاں وغیرہ برآمد کیں جن کی مالیت تقریباً 60 لاکھ روپے بنتی ہے اس کے علاوہ گرفتار ملزمان تھانہ اوتھل و بیلہ کے دیگر 8 مقدمات میں مطلوب تھے۔ملزم علی حسن تھانہ اوتھل کے ایک مقدمہ میں اشتہاری مجرم تھا ۔